کراچی پریس کلب کا سالانہ فیملی فن گالا ،فنکاروں نے میلہ لوٹ لیا
کراچی (سٹی نیوز) کراچی پریس کلب کے سالانہ فیملی فن گالا میں فنکاروں کی عمدہ پرفارمنس، گلوکاروں نے سماں باندھ دیا۔ مزاحیہ فنکاروں کے شگوفوں سے حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔ پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے تحت ہونے والے میوزیکل پروگرام میں گلوکار ایم افراہیم، محمد علی شہکی، ڈاکٹر ہما میر، عارف انصاری، ظفر رامے، رینا عرفان، امجد رانا، انجمن عرفان، روز میری، گلوکار ارباز خان ودیگر نے بہترین انداز میں فلمی اور قومی نغمات پیش کے۔ گلوکار ایم افراہیم نے خوبصورت ملی نغمہ پیش کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کی پوری گورننگ باڈی اور کلچرل کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ قومی نغمے پر کی جانے والی آتش بازی نے رنگ ونور کی بارش کردی۔ کمپیئر ومزاحیہ اداکار حنیف راجہ، کاشف خان اور آفتاب عالم نے دلچسپ مزاحیہ خاکے سنائے جن پر حاضرین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔ ٹی وی پروگرام کے میزبان علی رضا، اداکار اسلم شیخ، شہزاد رضا اور شرافت علی شاہ، سلیم آفریدی اور عالم انٹرنیشنل پروموٹرز ناصر شیخ، ٹی وی ڈائریکٹر خالد شیخ بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ فنکاروں کو پریس کلب کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اداکار سلیم شیخ نے کہا کہ بھارت میں پدماشری، ہالی وڈ میں آسکر اور کراچی میں پریس کلب کا ایوارڈ سب سے معتبر تصور کیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ ملنا ہمارے لئے اعزاز کا باعث ہے۔ شہزاد رضا نے کہا کہ کراچی پریس کلب سے ہمارا پرانہ رشتہ ہے۔ فلم ساز، ہدایت کارہ اور اداکارہ سنگیتا بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئیں اور کہا کہ کراچی پریس کلب سے وابستہ صحافیوں نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ میوزیکل پروگرام میں پریس کلب کے ممبران کے بچے اور خواتین بھی بھرپور انداز میں محظوظ ہوئیں اور فنکاروں کے ہمراہ بھنگڑے ڈالے۔ گلوکار ڈاکٹر ہما میر اسٹیج سے نیچے اتر کر حاضرین میں پرفارم کرنے پہنچ گئیں۔