تمباکو کے حوالے سے مہم نوجوانوںکو گمراہ کر رہی ہے، ثنا اللہ گھمن
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے جنرل سیکرٹری اور ڈائریکٹر آپریشنز ثنا اللہ گھمن نے کہا کہ تمباکو کی صنعت بہتر پاکستان مہم کے نام پر نوجوانوں اور حکومت کو گمراہ کر رہی ہے، مہم نے ٹیکس میں اضافے سے بچنے کے لیے غیر قانونی تجارت کے حصہ کو بڑھاوا دیا،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر شہزاد علی خان، چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ افشاں تحسین باجوہ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرپرسن نیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن تحسین فواد، سپارک کے نمائندہ خلیل احمد،نوید عباسی سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔ثنا اللہ گھمن نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول کے دستخط کنندہ کے طور پر حکومت کو اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے اور انڈسٹری کی قیادت میں چلائی جانے والی اس طرح کی گمراہ کن مہمات سے آگاہ رہنا چاہیے۔