13 ویں 4 روزہ عالمی اردو کانفرنس 3 دسمبر سے شروع ہوگی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی گزشتہ بارہ برس سے عالمی اُردو کانفرنس کا کامیاب انعقاد کرتی آرہی ہے تاہم اس برس عالمی اُردو کانفرنس ہر سال کی نسبت مختلف ہوگی، کورونا کی وباء کے پیش نظر ’’تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس‘‘ کا انعقاد محدود کردیاگیا ہے، کانفرنس زیادہ تر ڈیجیٹل ہوگی۔ بیرونِ ممالک مقیم ادیب ویڈیولنک کے ذریعے اُردو کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس کی تاریخ کا اعلان پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس 3تا 6دسمبر 2020ء آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گی۔ کورونا کی وباء کے باعث پوری دُنیا کا ماحول تبدیل ہوچکا ہے ہم نہیں چاہتے کہ عوام کی صحت متاثر ہو، اسی لیے سوچ بچار اور انتظامیہ سے مشاورت کے بعد کانفرنس کا انعقاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں پاکستان کی علاقائی زبانوں، سندھی، بلوچی،سرائیکی ، پشتو اور پنجابی کو بھی شامل کیا گیا ہے، پروگرام میں بیادِ آصف فرخی کے علاوہ ممتاز شخصیات کے ساتھ سیشن بھی منعقد ہونگے جس میں انور مقصود اور ضیاء محی الدین سمیت اردو ادب کی ممتاز شخصیات اور معروف صحافی شامل ہیں۔