پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس اور کرونا خدشات

پیپلزپارٹی نے یوم تاسیس پر کل 30 نومبر سوموارکو ملتان میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جس سے آصف زرداری ویڈیو لنک خطاب کریں گے جبکہ آصفہ بھٹو زرداری جلسے میں شریک اور مخاطب ہو کر اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کریں گی۔ پیپلزپارٹی کے تاسیسی جلسے سے پی ڈی ایم کے قائدین بھی خطاب کریں گے۔ بعض حلقوں کی طرف سے ایک عمومی سا تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت جلسہ رکوانا چاہتی ہے جس کی تردید تو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پکڑ دھکڑ کی تجویز مسترد کرنے سے ہی ہو جاتی ہے تاہم وزیراعظم عمران خان کے کرونا کے حوالے سے خدشات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ پوری دنیا کرونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں تماشا بنایا جا رہا ہے، اپوزیشن عوام دشمن جلسے جلوس بند کرے۔ وزیراعظم کی بات اجتماعی طور پر نظر انداز کرنے کا یہ موقع نہیں۔ اس لیے کرونا کیخلاف جنگ متحد ہو کر لڑی جائے۔ رہا تاسیسی جلسے کا معاملہ، تو اس میں بھی انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یوم تاسیس پر جلسہ پیپلزپارٹی کا بنیادی حق ہے۔ جس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ جمہوری روایات کے منافی ہوگی۔ البتہ جلسے جلوس کے موقع پر کرونا کیخلاف ایس او پیز کا ہر صورت خیال رکھنا چاہیے۔ یہی حالات کا تقاضا ہے ‘ سیاست میں بہرحال قومی صحت کا خیال بھی رکھا جانا چاہیے۔