اسلام آباد ہائی کورٹ میں 1500 قیدیوں کی گنجائش والی اڈیالہ جیل میں 4800 قیدی ہونے کا انکشاف
اسلام آباد ہائی کورٹ میں 1500 قیدیوں کی گنجائش والی اڈیالہ جیل میں 4800 قیدی ہونے کا انکشاف ہوا ۔ جمعہ کو قیدی خادم حسین کی طبی سہولیات کےلئے دائر درخواست پر سماعت کے دور ان سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے ۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایاکہ جیل 1500 قیدیوں کے لئے بنائی گئی تھی۔ سپرنٹنڈنٹ نے انکشاف کیا کہ اڈیالہ جیل میں اس وقت 4800 قیدی موجود ہیں۔وزارتِ صحت اور وزارت انسانی حقوق سے نمائندہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ میں خود اڈیالہ کا مہمان بنا تھا وہاں کے حالات کا پتہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جیل حکام کو اپنے اختیارات کا علم ہی نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ قیدی صرف جیل کی ہی نہیں ریاست کی زمہ داری ہوتی ہے۔عدالت نے وزارت انسانی حقوق اور وزارت صحت کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ۔ عدالت نے قیدی خادم حسین کی درخواست کل چھٹی کے روز بھی سننے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت صحت اور انسانی حقوق سے کل دن دس بجے جواب طلب کرلیا ۔