وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو بروقت اور مناسب اقدام قرار دیا ہے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر رد عمل میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بےیقینی کی صورت میں رکھنا ملکی مفاد میں نہیں تھا۔ ایسے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ بروقت اور مناسب اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 243 وزیراعظم کو اختیار دیتا ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں۔ عدلیہ نے معاونت کےلیے جو سوالات اٹھائے ہم نے ان کے جواب دیئے اور کابینہ میں مشاورت کے بعد واضح موقف عدالت میں پیش کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کیلئے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ لیکن یہاں تبدیلی کی ضرورت نہیں۔ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور وفاقی کابینہ عدالتی فیصلے کا جائزہ لے گی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سرحدی صورتحال میں آرمی چیف کا مسئلہ لٹکا رہنا مناسب نہیں تھا۔