
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے پیر کو سینئر سیاستدان عبدالعلیم خان سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے دونوں ناراض رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال میں اپنے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے علیم خان سے نئی سیاسی جماعت بنانے کے حوالے سے مشاورت کی۔ملاقات میں سینئر سیاستدان اسحاق خاکوانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری، شعیب صدیقی اور سعید اکبر نوانی بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پریشر گروپ بنانے کے بجائے نئی سیاسی جماعت بنائی جائے۔شرکاء کا موقف تھا کہ نئی پارٹی بنا کر عوام کے حقوق کا بہتر طور پر تحفظ کر سکیں گے۔شرکاء کو بتایا گیا کہ بڑی تعداد میں رہنما جو پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں یا پی ٹی آئی چھوڑنے کے عمل میں ہیں انہیں ایک نئے ثابت قدم اور مضبوط سیاسی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔انہوں نے اشارہ کیا کہ ”صوبے کے بااثر رہنماؤں کی حمایت یافتہ ایک نئی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے تمام منحرف افراد اور صوبہ پنجاب سے منتخب امیدواروں کے لیے مثالی ہو گی۔”
اس ضمن میں ابتدائی طور پر اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے والے رہنماؤں سے رابطہ قائم کر کے انہیں بھی نئی پارٹی میں شمولیت کا کہا جائے گا۔