ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں، سنٹرل کنٹریکٹ سے باہر کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی: وہاب ریاض
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ سے ڈراپ ہونے والے فاسٹ باولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے مجھے مثال بنایا گیا ہو اور عین ممکن ہے کہ نوجوانوں کو ترجیح دی گئی ہو۔ سنٹرل کنٹریکٹ کے لیے نہیں، ملک کے لیے کھیلنا اولین ترجیح ہے۔ کنٹریکٹ میں شامل نہ کرنا پی سی بی کا فیصلہ ہے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ہمیشہ پاکستان کو فوقیت دی ، پیسے کے لیئے ریڈ بال کرکٹ سے الگ نہیں ہوا تھا۔ غلط تاثر قائم کیا جا رہا ہے کہ میں نے اور محمد عامر نے لیگز کے پیسے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ہے۔ میں تو 2017 سے ٹیسٹ ٹیم کا مستقل حصہ بھی نہیں تھا۔ ایک سوال کے جواب میں وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا ابھی کوئی پلان نہیں ، نہ سوچا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے کھیل میں نئے قوانین کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ تھوک سے گیند کو نہ چمکانے سے باولرز کو مشکل ہو گی۔ کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیئے ایسا کرنا ہے تو کوئی متبادل چیز دی جائے۔ سن کریم یا کسی اور سے چمکانے کی اجازت ہونی چاِہیئے ، بال چمکانا فاسٹ باولر کی پہلی ترجیح ہے۔ بال کو ڈس انفیکٹ کرنے کی بات ہو رہی ، لیکن اس کا پہلے تجربہ کرنا ہو گا۔ باولرز اگر سوئنگ نہیں کر سکیں گے تو کیا کریں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے گراونڈ میں کھلاڑیوں کے ساتھ جشن نہ منانے کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ ایسے میں حسن علی اور شاہین آفریدی جیسے سٹائل سے جشن منانا ہی شاندار رہے گا۔