پاکستان کیخلاف جارحیت کرنیوالوں کا انجام عبرتناک ہوگا: ڈاکٹر عبدالقدیر
لاہور (آن لائن) معروف ایٹمی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستانی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے، اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔ پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔ 28مئی کو پوری دنیا نے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کا نعرہ سنا۔ یوم تکبیر قوم کی بہادری کی علامت کا دن ہے، اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ 28 مئی پاکستانیوں کے لئے اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ میں یوم تکبیر کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت ورک نے کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پاکستان کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ 28مئی کو دشمن کے مقابلے میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے نا صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری مسلمہ امہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ ایٹم بم بنانے کا تمام کام کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری میں ہوا۔ جہاں میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر ایٹم بم بنایا۔ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اب سماجی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہوں۔ اپنی تمام زندگی رفاہی کاموں کے لئے وقف کر دی ہے۔