اپوزیشن سیاست کے ٹڈی دل کا کردار ادا کر رہی ہے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملتان میں رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور منتخب نمائندوں نے ملاقات کی۔ عامر ڈوگر اور عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عید کی مبارکباد دی۔ ملتان کے ترقیاتی پیکیج کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت پر بات چیت اور کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے کئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں کرونا سے نمٹنے کے لئے سیاسی و انتظامی ٹیم متحرک ہے ۔ کرونا کے ساتھ’’ ٹڈی دل‘‘ کا چیلنج بھی درپیش ہے۔ کرونا اور’’ ٹڈی دل‘‘ کے خلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ کامیابی کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہیے۔ کرونا سے خوفزدہ اپوزیشن رہنمائوں نے اہم ترین مسئلے پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے’’ ٹڈی دل ‘‘کا کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستانی قوم اپوزیشن رہنمائوں کے منفی رویے سے مایوس ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کرونا پر بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئی۔ حکومت کے بروقت اور مثبت اقدامات کو شہریوں نے سراہا ہے۔ اپوزیشن کے پاس کرونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں۔ یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند وبانگ دعوے ہی کر رہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں کرونا، ٹڈی دل اور دیگر چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں۔ عوام کے تعاون سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔ عثمان بزدار نے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار عاطف مزاری کے قتل کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔