پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے اجازت نامہ جاری
لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کو پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی طرف سے کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے اجازت نامہ جاری کردیا گیا۔اس مقصد کیلئے PHOTAکی معائنہ ٹیم گذشتہ روز ہسپتال آئی اور کڈنی ٹرانسپلانٹ کے حوالے سے ہسپتال کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ٹیم نے ہسپتال میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے کی گئیں تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اجازت نامہ جاری کردیا۔یاد رہے کہ معائنہ ٹیم کا یہ دورہ PHOTAکے قانونی تقاضوں کے حوالے سے کیا گیا جس میں کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی، شیخ زید ہسپتال، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، علامہ اقبال میڈیکل کالج /جناح ہسپتال اور دیگر حکومتی اداروں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔