وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے کا افتتاح کردیا ہے ۔ موٹروے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں جائیں مسلم لیگ ن کے ترقیاتی کام نظر آئیں گے ۔ ہزاروں ارب مالیت کے ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ نے مکمل کئے ۔ 2013کے الیکشن میں قومی فیصلے کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن زون میں 50ارب مالیت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ۔ موقع ملا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لائیں گے ۔ سی پیک سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ترقی اور خوشحالی آئے گی تمام تر مشکلات کے باوجود ترقیاتی کاموں کا سفر جاری رکھا آج لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کی نہیں ترقی کے سفر کی باتیں ہورہی ہیں ۔ مسلم لیگ ن عوامی خدمت وترقی اور شرافت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ سیاسی مخالفین آج جو وعدے کررہے ہیں وہ ترقیاتی کام ہم کرچکے ہیں ۔ جمہوری نظام میں عوام کا فیصلہ ہی ہمیشہ مقدم ہوتا ہے ملکی ترقی کے تسلسل کیلئے 25جولائی کو عوام نے ایک بار پھر فیصلہ کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ نے 2013میں کئے تمام وعدے پورے کئے مسلم لیگ وعدے ہی نہیں کرتی انہیں پورا بھی کرتی ہے ۔ ہم خالی زبانی جمع خرچ ہی نہیں کرتے ہماری کام عوام کے سامنے ہیں ۔ ہم نے پانچ سال ڈیلیور کرکے دکھایا ہے جبکہ ہمارے مخالفین نے ہمارے کاموں میں مشکلات اور رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی مگر ہم نے ان کی رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر ترقیاتی سفر جاری رکھا ۔ آج الحمداللہ عوام کے سامنے سرخرو ہوکر جارہے ہیں ۔ امید ہے عوام ہماری کارکردگی کو سامنے رکھ کر 25جولائی 2018میں الیکشن کے موقع پر انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی ،اگر عوام نے موقع دیا تو ترقی کے اس سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے اور ملک سے بے روز گارمہنگائی کے خاتمے کی کوشش کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کا سفر جاری رکھیں گے اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کی کوشش کریں گے ۔