مجھے نااہل کیا گیا تو کرپشن کے گاڈ فادر سے نجات دلانے کیلئے یہ حقیر سی قیمت ہوگی: عمران خان

29 مئی 2017 (18:48)

 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے نااہل کیا گیا تو ”گاڈ فادر“ سے نجات دلانے کیلئے یہ حقیر سی قیمت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کبھی غیر قانونی اقدام نہیں کیا، میرے کیس میں سپریم کورٹ چاہے خود تحقیقات کرے یا جے آئی ٹی بنادے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے لندن فلیٹ 1983 میں کرکٹ سے حاصل رقم سے خریدا اور 2003 میں فروخت کردیا تھا اور جس کی رقم قانونی طریقے سے بینکنگ چینل کے ذریعے پاکستان لایا۔ عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف تحقیقات کا نتیجہ بھی یہی ہوگا، برطانیہ میں 20 برس تک ٹیکس ادا کرتا رہا ہوں اور پاکستان میں 1981 سے ٹیکس ادا کررہا ہوں، مجھے کبھی کوئی ٹیکس نوٹس نہیں ملا، نااہلی کی پروا نہیں، اگر مجھے نااہل کیا گیا تو ”گاڈ فادر“ سے نجات دلانے کیلئے یہ چھوٹی سی قیمت ہوگی۔