یونس خان کی آل ٹائم ٹیسٹ ٹیم کے کپتان عمران خان مقرر

29 مئی 2017

لارڈز (سپورٹس ڈےسک )ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ٹیسٹ بیٹسمین یونس خان نے اپنی ”آل ٹائم“ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان قومی ٹیم کے سابق قائد اور لیجنڈ کرکٹر عمران خان کو بنایا ہے۔یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں 10 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے تیرہویں اور پاکستان کے پہلے بلے باز ہیں۔ عظیم کرکٹر یونس خان نے اپنی منتخب ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان اور آسڑیلیا سے 2،2، بھارت، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے ایک ایک جب کہ ویسٹ انڈیز سے 3 کرکڑز کا انتخاب کیا ہے۔یونس خان نے کرکٹ کے گھر لارڈز میں اپنے اعزاز میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب کے بعد اپنی ”آل ٹائم“ ٹیسٹ ٹیم کے نام بتائے۔یونس خان کی ”آل ٹائم“ ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر حنیف محمد اور سچن ٹنڈولکر ہیں۔عظیم بلے باز کی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر کے حساب سے تیسرا نمبر جیک کیلس، چوتھا برائن لارا، پانچواں سر ویوین رچرڈز، چھٹا سرگیری سوبرز، ساتواں وکٹ کیپرایڈم گلکرسٹ،آٹھواں عمران خان، نواں سررچرڈ ہیڈلی، دسواں مرلی دھرن اور گیارہواں نمبر گلین میگراتھ کا ہے۔”آل ٹائم‘’ ٹیسٹ ٹیم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے اسے ایک کٹھن اور مشکل کام قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے بہترین 11 کھلاڑیوں کا اپنا منفرد مقام اور بہترین ٹیسٹ کیرئیر ہے۔