وزیر داخلہ نے ڈان لیکس کے حل میں اپنے کردار سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا‘ ترجمان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک )ترجمان وزارتِ داخلہ نے بعض اخبارات میں ڈان لیکس کے حوالے سے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے منسوب شدہ بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ داخلہ نے ڈان لیکس کے مسئلے کے حل کے سلسلے میں اپنے کردار سے متعلق نہ تو کوئی ایسا بیان دیا ہے کہ جس سے یہ تاثر ملے کہ انکی کوششوں کے باعث نیوز لیکس سے پیدا شدہ بحران کا خاتمہ ہوا ہے اور نہ ہی یہ خبر حقیقتپر مبنی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ وزیرِ داخلہ سے متعلق اس قسم کی خبر کی اشاعت سے پہلے نہ تو خود وزیرِ داخلہ اور نہ ہی انکے ترجمان سے اس بیان کی تصدیق کرنا مناسب سمجھا گیا۔ترجمان نے کہا کہ چند روز قبل وزیرِ داخلہ سے اے اپی این ایس ، سی پی این ای اور پی بی اے کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جہاں ڈان لیکس کمیٹی رپورٹ پر تفصیلی بات چیت کی گئی جس کا مقصد قومی سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل اور ضابطہ کار کا تعین تھا۔ مگر افسوس ہے کہ ایک اہم ملاقات کے مقاصد، اسکی اہمیت کو اجاگر کرنے اورمتفقہ معاملات کومنطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی بجائے میڈیا کے بعض حلقوں نے موضوع سے ہٹ کر من گھڑت خبروںکی اشاعت کو ترجیح دی جو کسی صورت مناسب نہیں۔