پیپلز پارٹی بھٹو ازم کا سمندر ہے، پارٹی چھوڑنے والے ختم ہوگئے

29 مئی 2017

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی اسلام آباد سٹی کے نائب صدر فرخ قریشی، آغا محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بھٹوازم کا سمندر ہے جو شخص اس سمندر سے باہر گیا سیاسی طور پر ہمیشہ کیلئے دفن ہوگیا ہے۔ پیپلز پارٹی سے جانے والوں میں کوئی آدمی سیاسی طور پر مصطفیٰ جتوئی اور مصطفیٰ کھر جیسا قد کاٹ نہیں رکھتا یہ دونوں بھی جب پارٹی چھوڑ کر گئے تو عوام نے ان کو سیاسی طور پر دفن کردیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اب بھی عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ حکمران پانامہ کرپشن میں پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے سے کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ناراض لوگوں کو منانے کا پروگرام شروع کردیا ہے اور جلد تمام ناراض کارکنوں سے رابطے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوسی 30میں رمضان کے دوران کارکنوں کے ساتھ خصوصی نشستوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ جس میں ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ پر بات چیت کی جائے گی۔