رمضان المبارک در حقیقت تزکیہِ نفس اور خود احتسابی کا مہینہ ہے،پیر محمد نقیب الرحمن
راولپنڈی(نےوز ڈےسک) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم ِاسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ربِ کریم نے زندگی میں ایک مرتبہ پھر ہمیں ایک نہایت عظمتوں والا مہینہ رمضان المبارک عطا فرمایاہے اور اس کے متعلق ربِ کریم قرآنِ کریم میں ارشاد فر ما رہا ہے کہ اے ایمانوالو تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں تا کہ تم متقی بن جاو¿۔رمضان المبارک در حقیقت تزکیہِ نفس اور خود احتسابی کا مہینہ ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان مبارک ہے کہ اگر میری امت یہ جان لیتی کہ ماہِ رمضان المبارک میں کیا ہے تو وہ تمنا کرتی کہ پورا سال رمضان المبارک ہی رہے۔ کوشش اس امر کی کرنی چاہئے کہ نیکیوں کا یہ موسمِ بہار ہم سے راضی ہو جائے اور ہم اس کے تقدس کے تمام تقاضے پورے کرنے کی کوشش کریں اور اس کا تقدس یہ ہے کہ اس میں تقویٰ اختیار کیا جائے، اپنے مفلس و نادار بھائی بہنوں کی ہر طرح سے مدد و اعانت کی جائے۔ جھوٹ، بخل، کینہ پروری ، فساد، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ہمارے آقا و مولا ﷺ فرماتے ہیں کہ میرے امت رسوا نہ ہو گی جب تک وہ رمضان المبارک کی عظمت و تعظیم کرتی رہے گی۔یہ ماہِ مبارک ہمیں دکھ درد میں ایک دوسرے کا کام آنے، تحمل، برداشت، اخوت، روا داری اور مساوات کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یکم رمضان المبار ک اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے حافظ بشیر احمد سیالوی، خواجہ وجاہت جمیل اور قاری محمد سلیم شہزاد نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعاکی۔