وارم اپ میچ، پاکستان آج آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا پریکٹس میچ آج آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ اس سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان ٹیم نے بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی جس میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی فہیم اشرف نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کا پہلا میچ روایتی حریف بھارت سے ہے آسٹریلیا کے خلاف پریکٹس میچ سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق یہ میچ دن ڈھائی بجے شروع ہوگا جس کی انٹرنیشنل حیثیت نہیں ہوگی۔