دنیا بھر کے مسلم ‘غیر مسلم کھلاڑیوںکی طرف سے رمضان کی مبارکباد

29 مئی 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر )دنیا بھر کے کھیلوں کے کھلاڑی بھی رمضان کریم کی آمد کی مبارکباد ٹو ئٹر پر دے کر مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں ۔ سعید اجمل نے ٹوئٹ کے ذریعے دنیا بھر میں موجود مسلمان کو رمضان الکریم کی مبارک باد دی۔شاہد آفریدی نے غروب آفتاب کے وقت رمضان کے چاند کی جانب دیکھتے ہوئے تصویر شائع کی۔ وسیم اکرم نے دعا دی کہ اللہ تمام لوگوں حفاظت فرمائے اور سیدھے راستے پر گامزن کرے۔ ثقلین مشتاق نے لوگوں کو محبتیں بانٹنے کا پیغام دیا اور ماہ رمضان کی مبارک باد دی۔ فواد عالم نے دعا کی کہ یہ مہینہ نعمتوں، محبتوں اور ہمدردیوں سے بھرا ہو۔خاتون کرکٹر بسمہ معروف نے مبارکباد دی۔شعیب اختر نے بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی۔یوسف پٹھان اور عرفان پٹھان نے بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کےلیے رمضان کی مبارکباد کے پیغامات جاری کیے۔جرمنی کے فٹبالر میسٹ اوزل نے بھی مسلم مداحوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کی، جرمن فٹبالر اشکورڈن مصطفی نے ٹوئٹر پر تصویر شائع کی جس میں وہ فٹبال کے میدان میں دعا کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا نے بھی مسلمان شائقین کو مبارکباد پیش کی۔بھارتی کھلاڑی سریش رائنا نے پیغام میں رمضان کے حوالے سے تصویر شائع کی اور مبارک کے الفاظ لکھے ہوئے ہیں۔بھارتی ٹیم کے رودرا پرتاب سنگھ نے بھی اپنے مسلمان شائقین کے لیے ٹوئٹر پر رمضان کی مبارک پیش کی۔