صدر ٹرمپ کے ساتھ سخت مصافحہ جان بوجھ کر کیا: فرانسیسی صدرکا اعتراف

29 مئی 2017

پیرس (بی بی سی) فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سخت مصافحہ کوئی معصومانہ حرکت نہیں تھی بلکہ انھوں نے ایسا جان بوجھ کر کیا تھا۔ دونوں لیڈران نے اس غیر معمولی مصافحے کے دوران اپنی گرفت اتنی مضبوط رکھی کہ دونوں کے پنجے سفید ہوگئے۔ دونوں لیڈران کی ملاقات جمعرات کو برسلز میں نیٹو اجلاس سے پہلے ہوئی۔ اس غیر معمولی مصافحے کے دوران دونوں سربراہ ِ مملکت کئی سیکنڈز تک ایک دوسرے کو گھورتے رہے۔ لیکن چند لمحوں بعد صدر ٹرمپ نے اپنا ہاتھ چھڑانے کی کوشش کی۔ صدر نے فرانسیسی روزنامے جرنل ڈو ڈیمانشے کو بتایا کہ ان کے ایسے کرنے کی وجہ عزت کمانا تھا۔ انھوں نے کہا ’ڈونلڈ ٹرمپ، ترک صدر یا روسی صدر کسی بھی چیز کے حوالے سے نظریہ رشتے کی مضبوطی کی بنیاد پر قائم کرتے ہیں اور یہ چیز مجھے تنگ نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایسی سفارتکاری پسند نہیں جو کہ عوامی تنقید کے نتیجے میں کی جائے۔ میں مذاکرات کے عمل کے دوران ہر چیز کو سنجیدگی سے لیتا ہوں۔ اور آپ کو اسی طرع عزت ملتی ہے۔