ڈی سی اوز منڈیوں میں صبح کے وقت نیلامی کی کڑی نگرانی کریں: کمشنر

29 مئی 2017

لاہور (خبر نگار) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے شادمان رمضان بازار، اسلام پورہ رمضان بازار اور شرقپور ضلع شیخوپورہ رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں، دستیابی اور فراہمی کو چیک کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کے ہمراہ سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس نے بھی شادمان رمضان بازار کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے اپنے دورے کے دوران رمضان بازاروں سے خریداری کرکے باہر آنے والے خریداروں سے بھی بات چیت کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے رمضان بازاروں میں سبسڈائزڈ آئٹم، ہول سیل ریٹ پر فروخت کی جانے والی اشیاء اور باقی تمام اشیائے خوردونوش ، سبزیوں اور پھلوں کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی سی اوز کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ منڈیوں میں صبح کی نیلامی کو مزید موثر طریقے سے مانیٹر کریں۔ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے لاہور ڈویژن میں پرائس چیکنگ میکانزم کو نہایت فعال کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداری کرنے والوں کی بہت بڑی تعداد کو دیکھ کر رمضان بازاروں کی افادیت و اہمیت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔