لیسکو کے ایک سال میں6 ہزار ورک آرڈر جاری‘ ٹرپنگ ‘ وولٹیج کی شکایات دور نہ ہو سکیں

29 مئی 2017

لاہور (ندیم بسرا) بجلی کی ٹرپننگ کو روکنے اور وولٹیج میں کمی کو دور کرنے کیلئے لیسکو نے ایک برس میں 6 ہزار ورک آرڈر (ایل ٹی پرپوزل) جاری کر دیئے، مگر لاہور کے اندر بجلی کی گھمبیر صورتحال پر قابو نہ پایا جا سکا۔ لاہور میں اقبال ٹاؤن (گلشن بلاک) مصری شاہ، ساندہ، یتیم خانہ، سبزہ زار، مغل پورہ، پاکستان منٹ، داروغہ والا، ہنجر وال، ملتان روڈ، سمن آباد، گلشن راوی، اچھرہ، ٹاؤن شپ سمیت دیگر علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کی ٹرپننگ اور وولٹیج میں کمی بیشی ہر وقت جاری رہتی ہے۔ لیسکو میں روزانہ اس قسم کی 46 سو کے قریب شکایات درج ہوتی ہیں۔ لیسکو چیف کی طرف سے پرانے ٹرانسفارمرز تبدیل کرنے، نئی لائنیں بچھانے تبدیل کرنے کے وقتاً فوقتاً آرڈر دیئے جاتے ہیں مگر لیسکو کے چیف انجینئرز، ایس ای، ایکسئن اور ایس ڈی او پرانے ٹرانسفارمرز تبدیل نہیں کرتے۔ لیسکو کی ایل ٹی پرپوزل کے ٹرانسفارمرز، لائنیں گنجان آباد علاقوں میں ، سسٹم کو بہتر بنانے کی بجائے ہاؤسنگ کالونیوں اور ایم این ایز کے حوالے کر دیئے جاتے ہیں جہاں نئے 100 کے وی اے، 200 کے وی اے ٹرانسفارمرز کی بندر بانٹ رہتی ہے۔ صارفین کی قیمتی الیکٹرونکس اشیاء جلنا معمول رہتی ہیں۔