گوالمنڈی: موٹر سائیکل کھڑی کرنے کے تنازع پر ایک شخص قتل، خاتون زخمی
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ گوالمنڈی کے علاقہ میں موٹر سائیکل کھڑی کرنے کے تنازع پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی فائرنگ کر نیوالا ملزم اور اس کے اہل خانے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے پولیس کے مطابق تھانہ گوالمنڈی کے علاقہ نسبت روڈ کے قریب سید قاسم نقوی اور آغا فیروز ایک ہی گھر میں رہتے تھے اور دونوں کرائے دار تھے آغا فیروز گھر کی بالائی منزل پر رہتا تھا۔ گذشتہ روز آغا فیروز نے گھر کے اندر موٹر سائیکل کھڑی کی تو قاسم نقوی نے موٹر سائیکل کھڑی کرنے سے روکا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی اسی دوران قاسم نقوی کا بیٹا علی بھی آگیا اور جھگڑا شروع ہو گیا جس پر آغا فیروز نے پسٹل سے فائرنگ شروع کر دی جس سے علی اور اس کی پھوپوں فاطمہ بی بی شدید زخمی ہو گئی جنہیں فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا جہاں علی دم توڑ گیا جبکہ فاطمہ بی بی کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ واقع کے بعد ملزم اہل کو لیکر فرار ہو گیا اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مقتول علی کے والد قاسم نقوی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے انھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔