سبزہ زار: فرنیچر کے گودام سمیت 3مقامات پر آتشزدگی

29 مئی 2017

لاہور+فیروز والہ (نامہ نگاران) سبزہ زار کے علاقہ میں فرنیچر کے گودام میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ بن گیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ بلند شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے اور علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے۔ یکی گیٹ کے علاقہ میں رمضان بازار میں آتشزدگی سے ٹینٹ‘ پنکھے‘ صوفے اور دیگر سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یکی گیٹ کے علاقہ سرکلر روڈ پر لگنے والے رمضان بازار میں انتظامیہ کے ٹینٹ میںاچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے ٹینٹ اور اس میں موجود صوفے اور پنکھوں سمیت دیگر سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ شاہدرہ مریدکے اور ٹول پلازہ کھایا نوالہ کے قریب دو فیکٹریوں اور مویشیوں کی حویلی میں آتشزدگی کے واقعات میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا جبکہ ریسکیو کے عملے نے جدوجہد کرکے کروڑوں کاسامان جلنے سے بچالیا ۔