کشمیر میں ایک روز 12 نوجوانوں کی شہادت بڑا انسانی المیہ ہے: لیاقت بلوچ

29 مئی 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ بارہ نوجوانوں کی شہادت بڑا انسانی المیہ ہے۔عالمی برادری ، عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں۔کشمیریوںکی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی ۔بھارت کو ظلم کا حساب دیناہوگا ۔پاکستانی ملت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر قیمت پر سیاسی ، اخلاقی انسانی مدد جاری رکھے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیرخزانہ اسحق ڈار کا چھٹا بجٹ پیش کرنے کا دعویٰ تکبر ہے۔ پہلے پانچویں بجٹ میں اعداد و شمار کے جھوٹ ، بے روزگاری ، مہنگائی اور قومی معیشت کی زبوں حالی کا جواب دیں ۔قرض اور سود کی معیشت قومی وجود کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن گیاہے ۔ حکومت قومی بجٹ میں انقلابی اقدامات اور کرپشن کے خاتمہ کے لیے موثر نظام دینے میں ناکام رہی ہے۔