سپیشل افراد کے ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے: چیف سیکرٹری پنجاب

29 مئی 2017

لاہور ( سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعید نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ سپیشل افراد کے ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور انکی شکایات کے ازالہ کیلئے ضلع کی سطح پر قائم کمیٹیوں کو مزید فعال کیا جائے۔ سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہسپتالوںمیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی معیار کی ادویات خریدی گئی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں ۔انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں ڈینگی اور پولیو کا خطرہ موجود ہے وہاں ڈینگی اور پولیو کے خلاف مہم کو تیز کیا جائے، ڈینگی اور پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے قومی جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے نا جائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔