سرچ آپریشن کے نام پر بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے: عبدالرحمن مکی

29 مئی 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار)دفاع پاکستان کونسل و جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ برہان وانی کے جانشین کمانڈر سبزار احمد سمیت 11کشمیریوں کی شہادت بدترین دہشت گردی ہے۔ سرچ آپریشن کے نام پر روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ پر امن مظاہرین کیخلاف پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروںکا استعمال درندگی کی انتہا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی ان کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سال 2017ء کشمیریوں کے نام کرنے کا اعلان کیا۔ بھارتی دہشت گردی کیخلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ماڈل ٹائون سی بلاک میں سحری کے موقع پربڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کشمیری مسلمان جدوجہد آزادی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ پاکستانی پرچم لہرانے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔