افغانستان: آپریشن میں کمانڈر سمیت50 جنجگو ہلاک: طالبان کے حمایتی پولیس اہلکار نے5 ساتھی قتل کر دئیے
کابل (نوائے وقت رپورٹ+آن لائن+نوائے وقت رپورٹ+اے ایف پی) افغان فورسز نے مختلف صوبوں میں کارروائی کر کے 50جنگجو ہلاک کر دیئے۔ جبکہ 21زخمی ہوئے، افغان وزارت دفاع کے مطابق کارروائیاں صوبہ ارزگان، قندوز ، برات، ننگر ہار اور ہلمند میں کی گئیں، قندوز میں طالبان کمانڈر مارا گیاجبکہ صوبہ پروان میں گاڑی دریا میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 15افراد مارے گئے ۔افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں ایک پولیس اہلکار نے گولیاں مار کر اپنے پانچ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ زابل کی صوبائی کونسل کے رکن حاجی اسد اللہ کاکڑ کا کہنا ہے کہ حملہ آور اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے اور اندازوں کے مطابق اب وہ ایسے علاقے میں پہنچ گیا ہے، جو طالبان کے کنٹرول میں ہے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ طالبان کے ترجمان نے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد چھ بتائی ہے۔