ذبحہ کیلئے جانوروں کی خریدوفروخت پر پابندی‘ کیرالہ حکومت مودی کے سامنے ڈٹ گئی‘ سپریم کورٹ جانے کا اعلان
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست کیرالہ کی حکومت جانوروں کی خریدوفروخت پر پابندی کیخلاف مودی سرکار کے سامنے ڈٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کی حکومت مودی سرکار کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیرالہ کے وزیرزراعت نے کہا ہے کہ ہم فیصلے کو چیلنج کرنے کیلئے اگلے ہفتے سپریم کورٹ جائیں گے۔ مودی سرکار جانوروں کے ذبحہ پر پابندی نہیں لگا سکتی۔ واضح رہے بھارتی وزارت ماحولیات کے جاری نوٹیفکیشن میں گائے‘ بیل‘ بھینس اور اونٹ کی خریدوفروخت‘ زرعی مقاصد تک محدود رکھنے کی ہدایت اور ذبحہ کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔ ادھر کیرالہ کے وزراعلیٰ نے پابندی ہٹانے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا۔ انہوں نے جانوروں کی خریدوفروخت اور ذبحہ پر پابندی کو سیکولرازم کے منافی قرار دیا۔