بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں‘ پاکستان کشمیر سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا : سرتاج عزیز

29 مئی 2017
بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں‘ پاکستان کشمیر سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا : سرتاج عزیز

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹے گا، پاکستان مذاکرات کےلئے تیار ہے مگر بھارت کی طرف سے ہمیشہ ٹال مٹول سے کام لیا گیا، پرویز مشرف نے کشمیر کاز کےلئے کوئی کام نہیں کیا، 1999میں نواز حکومت نہ جاتی تو مسئلہ کشمیر حل ہوجاتا، کرگل نے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچایا، پاکستان نے مشکل حالات میں ایٹمی دھماکے کئے، تین وزراءفوری دھماکوں کے حامی تھے، 6وفاقی وزراءنے مشورہ دیا تھا کہ فوری دھماکہ نہ کیا جائے، معاملہ سفارتی سطح پر اٹھانے کا مشورہ بھی دیا تھا، ایران کے پاکستان کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔ وہ اتوار کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ واجپائی حکومت کی طرف سے کئے گئے دھماکے پاکستان کےلئے چیلنج تھا اس لئے ہم بھی پیچھے نہیں ہٹے، نریندر مودی بھارت کی بالادستی چاہتا ہے اس لئے وہ سرحد پر کچھ نہ کچھ کر کے تناﺅ کی کیفیت بنائے رکھنا چاہتا ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹے گا، افغانستان کے متعلق سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان حکومت نے فیصلہ کرنا ہے وہ کیا چاہتے ہیں جبکہ ایران کے پاکستان کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں مگر ایران بارڈر پرکچھ مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے، یہ بات طے ہے کہ ہم کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے ہم اپنی معیشت پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔