وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس محکمہ جنگلات کی اراضی واگزار کرانے پر لیگل ٹیم کو شاباش

29 مئی 2017

لاہور( خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ کے قریب محکمہ جنگلات کی اراضی واپس لینے کے حوالے سے کیس کی بہترین پیروی کرنے پر لیگل ٹیم کو شاباش دی اور محکمہ جنگلات و انتظامی افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے اچھی کارکردگی پر لیگل ٹیم اور دیگر افسران کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دیئے۔ تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے رینج فاریسٹ آفیسر لاہور ثاقب بھٹی اور نائب تحصیلدار فیروز والہ تنویر حسین کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دیئے۔ صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری جنگلات ، سیکرٹری پراسیکیوشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔