واسا اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ خصوصی توجہ فرمائیں

29 مئی 2017

مکرمی! ہماری آبادی رزاق کالونی (تاجپورہ) جو کہ ہزاروں افراد پر مشتمل ہے اور بہت زیادہ گنجان ہے۔ واسا نے پانی کی پائپ لائن تو بچھائی ہوئی ہے مگر اس آبادی میں آج تک کوئی ٹیوب ویل نصب نہ ہو سکا۔ اس آبادی سے بہت دور تاجپورہ ہاؤسنگ سکیم اور تاج باغ ہاؤسنگ سکیم میں ٹیوب ویل لگے ہوئے ہیں جس کا پانی یہاں تک نہیں پہنچتا۔ جس کی وجہ سے یہاں کے لوگ کئی کئی دن تک پینے کے پانی سے محروم رہتے ہیں۔ اس کے باوجود پانی کے بل باقاعدگی سے بھیجے جا رہے ہیں۔ اس کی شکایت ایس او واسا کے دفتر میں کرتے ہیں تو وہ اس طرف توجہ نہیں دیتے۔ اگر زیادہ اصرار کیا جائے تو وہ کبھی کبھار ایک ٹینکر پانی کا بھجوا دیتے ہیں۔ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ ایم این اے سہیل شوکت بٹ‘ ایم پی اے رانا تجمل ڈیال‘ ایم ڈی واسا اور دیگر حکام سے گزارش ہے کہ رزاق کالونی (تاجپورہ) میں جلد از جلد ٹیوب ویل لگوانے کے احکامات صادر کئے جائیں تاکہ اس غریب آبادی کو بھی پینے کا پانی میسر آ سکے۔ (محمد رمضان ارشد - گلی نمبر 7 مکان نمبر 24 رزاق کالونی (تاجپورہ) لاہور کینٹ)