نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگانے والوں کا گھیرائو کریں گے، نہال ہاشمی

29 مئی 2017

کرا چی(اسٹاف رپورـٹر) مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہئے وہ ہی احتساب کا شور مچا رہے ہیں اور ایک ایسی شخصیت پر الزامات لگارہے ہیں جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا،مسلم لیگ ن کے کارکن وزیر اعظم نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگانے والے نام نہاد سیاستدانوں کے گھروں کا گھیرائو کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو مسلم لیگ ہائوس میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے مسلم لیگ ن کراچی کے صدر سید منور رضا، امان آفریدی، ملک تاج، اسد عثمانی، فیروز خان، اور دیگر نے خطاب کیا۔ سینٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کروڑوں ڈالرز کی پیشکش کو ٹھکراکر پاکستان کو 1998ء میں ایٹمی قوت بنایا، اور اپنی موجودہ حکومت کے دوران پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ انھوں کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگانے والے جھوٹے سیاستدانوں کو اس وقت سے ڈرنا چاہیئے جب مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا ان کے گھروں کا گھیرائو کرینگے۔ سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ حکومت دانستہ طور پر کراچی کے شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے، جو لوگ کراچی شہر کا کچرا نہیں اٹھاسکتے وہ حکومت کیا چلائیں گے، ایسی نا اہل حکومت کو فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔