ڈپٹی میئر سے آباد کے وفد کی ملاقات

29 مئی 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ وہ ادارے اور مخیر حضرات جو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے شعبے میں بہتری لانے کے خواہش مند ہے انہیں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، گود لو اسکیم کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وہ اسپتال جہاں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف، طبی سہولیات اور دیگر شعبوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے ان اداروں اور مخیر حضرات کی پیش کردہ تجاویز پر غور کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈڈیویلپر آف پاکستان (ABAD) کے چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی، ڈائریکٹر انجینئرنگ اینڈ ڈیزائنگ ایس ایم طحہٰ، مشیر قانون محمد سعید اختر، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شاہد، آباد کی جانب سے چیئرمین سندھ ریجن محمد ایوب، کنوینیئر محمد سہیل، راحیل رنچ، احمد اویس اور دیگر افراد موجود تھے۔