بنگالیوں کی شہرت کیلئے بہاریوں کو استعمال نہ کیا جائے‘ محبان پاکستان تحریک

29 مئی 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) محبان پاکستان تحریک کے مرکزی رہنمائوں چیئرمین ممتاز حسین انصاری‘ وائس چیئرمین آفتاب احمد دانش جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شکیل احمد سیکرٹری اطلاعات‘ محمد نعیم اقبال اراکین رابطہ کونسل محمد شمس الدین‘ محمد اکرام اللہ صدیقی‘ سلیم شاہد‘ جاوید اسلم‘ اسد اللہ صدیقی‘ کلیم احمد کلیمی‘ محمدوکیل محمد علاء الدین‘ خورشید عالم محمد طاہر و دیگر نے مشترکہ بیان میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ بنگالیوں کو حق شہریت دلانے کے لئے بہاریوں کو بطورڈھال استعمال نہ کیا جائے۔1971ء میں جس قوم نے پاکستان کی آبرو اور حرمت پر لاکھوں جانیں قربان کیں16 دسمبر کوسقوط ڈھاکہ کے بعد بھی میرپور اورمحمد پور کالونی میں ایک ہفتہ تک پاکستانی پرچم سرنگوں نہ ہونے دیا جو قوم آج تک بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں اپنی پاکستان پرستی کی پاداش میں بنگلہ دیشی حکومت کا جبر سہ رہی ہے اس محب وطن بہاریوں کو پاکستان توڑنے والوں نظریہ پاکستان کی دھجیاں اڑانے والوں پرچم پاکستان تار تار کرنے والوں ہندوستان کا آلہ کار بن کر افواج پاکستان کے خلاف صف آراء ہونے والوں کو بہاریوں کے مقابل کھڑا کرنا کہاں کا انصاف ہے۔1971 میں بہاریوں اور بنگالیوں کے کردار سے پوری دنیا واقف ہے اس کے باوجود ہمارے سیاسی زعماء کی آنکھوں پر غفلت اور لاعلمی کا پردہ پڑا ہے یا وہ جان بوجھ کر بہاریوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔