گجرنالے کے گرد حفاظتی دیوار اور سڑک تعمیر شروع کی جائے وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے شفیق موڑ پل کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر حکومت سندھ سے کہا کہ گجرنالے میں تجاوزات ہٹانے کا کام مکمل کردیاہے لہٰذا حکومت نالے کے گرد حفاظتی دیوار اور دونوں جانب سڑک کی تعمیر کا کام شروع کرے بصورت دیگر نالے میں دوبارہ تجاوزات کے قیام کا اندیشہ ہے،مون سون کے آغاز سے قبل نالوں کی صفائی ضروری ہے ، تجاوزات کی وجہ سے نالوں کی صفائی میں مسائل ہیں جس کے لئے تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے، شفیق موڑ پر ٹریفک جام معمول بن گیا تھا دونوں جانب پل کی توسیعی کے بعد یہاں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی ، خاص طور پر رمضان کے دوران شہریوں کو ٹریفک جام کے مسائل سے نجات ملے گی، شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر دستیاب انفراسٹرکچر کے مطابق ہونی چاہئے ورنہ شہری اسی طرح پانی، سیوریج،بجلی اور دیگر لازمی ضروریات کی کمی کا شکار ہوتے رہیں گے اس موقع پر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم بھی موجود تھے، میئر کراچی نے قبل ازیں اورنگی ٹائون میں فرنیٹئر نالے کا بھی معائنہ کیا اورکہا کہ اس نالے کی صفائی ترجیحی بنیاد پر ہونی چاہئے کیونکہ نالے میں لوگوں کے گرنے کے واقعات تشویشناک ہیں اور نالے کی فوری صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر اشد ضروری ہے ، اس موقع پر فرنیٹئر کالونی یوسی15 کے چیئرمین حاجت خان، چیئرمین یونین کونسل اورنگی بشیر زاہداور دیگر بلدیاتی نمائندوں نے میئرکراچی کو علاقے کی صورتحال سے آگاہ کیا اور نالے کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل بتائے ، شفیق موڑ توسیعی منصوبے کے افتتاح پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پورے شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ کھڑا ہوجاتا ہے غلط سمت میں ڈرائیونگ کی وجہ سے ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ حادثات بھی رونما ہوتے ہیںجبکہ سڑکوں پر قائم تجاوزات بھی حادثات کی وجہ ہیں ، سڑکیں اور فٹ پاتھ شہریوں کے استعمال کے لئے ہیں انہیں کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔