کورنگی یوسی 28کی وسیع آبادی کو سیوریج کے مسائل سے نجات مل گئی

29 مئی 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاہے کہ کراچی کی درست سمت میں تعمیر وترقی کراچی کے منتخب عوامی نمائندے ہی کرسکتے ہیں ایم کیو ایم کے پاس عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ٹیم موجود ہے انشا اللہ عوام کے تعاون سے شہر کو سنواریں گے اور شہرکے گلی کوچوں میں عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی سید احمر علی کے ہمراہ یونین کمیٹی 28مدینہ کالونی کورنگی میں بلدیہ کورنگی کی جانب سے ناکارہ و بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے بعد نئی سیوریج لائنوںکی تنصیب کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹی28کے چیئر مین شکیل احمد میو،ایس معین اور دیگر منتخب نمائندوں کے علاوہ سپر ٹینڈنگ انجینئربلدیہ کورنگی طارق مغل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ اگر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر مامور ادارے نیک نیتی اور سچے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں تو شہر کو مسائل سے پاک اور عوام کو بنیادی مسائل سے چھٹکارہ دلایا جاسکتا ہے۔