وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے رمضان پیکیج کا احسن فیصلہ

29 مئی 2017

پنجاب کے لئے 9 ارب سے زائد کا رمضان پیکیج، 318 سستے بازار قائم کردیئے گئے: شہباز شریف، سستے آٹے کی فراہمی پر 8 ارب 78 کروڑ سبسڈی دی جائے گی۔ وزیراعلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے جس خطیر رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، وہ قابل ستائش ہے، اس سے حقیقت میں عوام کو ریلیف ملے گا۔ ستے آٹے کی فراہمی، رمضان بازاروں میں سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی جیسے احسن فیصلوں سے گرانی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اگر وزیراعلیٰ کی قیادت میں حکومتی افسران اور وزراءاس ماہ مبارک میں مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بھی اس جوش و جذبے سے کام کریں جس طرح وزیراعلی پنجاب کر رہے ہیں اور عوام کو گراں فروشوں کے شکنجے سے نجات دلائیں تو وزیراعلیٰ کے رمضان پیکیج کے ثمرات غریب عوام کے لئے باعث رحمت ہو سکتے ہیں۔ اب وزیراعلیٰ، ان کی ٹیم اور مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پیکیج کے نفاذ میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دیں اور اس میں کسی قسم کی ہیر پھیر یا گڑبڑ نہ ہونے دیں۔ تاکہ اس ماہ مبارک کی رحمتوں سے سب کو فیض یاب ہونے کا موقع ملے۔