کراچی میں اساتذہ نے اپنے مطالبات کی منظوری اور پولیس تشدد کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی۔
کراچی میں پریس کلب کے سامنے قائم کئے گئے احتجاجی کیمپ میں سولہ اساتذہ نے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ہے جبکہ متعدد تنظیموں کے کارکن ان اساتذہ سے اظہار یکجہتی کے لئے علامتی بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود اساتذہ کا کہنا ہے کہ دیگر تین صوبوں کی طرح سندھ کے اساتذہ کو بھی ٹیچنگ الاؤنس دیا جائے، وفاقی حکومت اس الائونس کے لئے فنڈز تین سال سے جاری کر رہی ہے لیکن یہ اساتذہ کو نہیں مل رہے۔ انہوں نے صوبائی وزیرتعلیم کو اپنے حقوق کے حصول کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔ اساتذہ نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔