این ایف سی ایوارڈ میں توسیع غیر آئینی، اجلاس بلایا جائے، گنڈا پور کا صدر کو خط 

Mar 29, 2025

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے 10ویں این ایف سی کمشن کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا اور اس سلسلے میں خط بھی لکھ دیا۔ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کو خط  میں کمشن کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں سابقہ فاٹا کی 57لاکھ آبادی اب خیبرپختونخوا کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبرپی کے میں ضم کرنے کے باوجود اس کے حصے کے مالی وسائل مرکز کے پاس ہیں، ساتواں این ایف سی ایوارڈ 2010 میں جاری کیا گیا۔ این ایف سی ایوارڈ میں توسیع غیر آئینی، غیر قانونی اور غیرمناسب ہے۔ ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں توسیع آئین کے آرٹیکل 160 اور 25ویں آئینی ترمیم کی خلاف ورزی ہے۔ صدر مملکت کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کو اس کا جائز آئینی حق نہ ملنے کی وجہ سے وہاں ترقی اور امن وامان کے قیام اور استحکام جیسے معاملات میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔وزیراعلی6 خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سب کو معاف کرنے کا کہہ دیا، اسٹیبلشمنٹ نے بھی رضامندی ظاہر کردی، عمران خان بات کرنے پر تیار، لیکن ملک کو کمزور کرنے کے حق میں نہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس صرف ایک پریزنٹیشن تھی، میں یہ پریزنٹیشن پہلے لے چکا تھا  لیکن وہاں جو دوسرے لوگوں نے بات کی‘ اس سے ایک بات وضاحت کے ساتھ سامنے آئی کہ مینڈیٹ چوری ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے نے کہا اجلاس میں میں نے مولانا فضل الرحمان سے دو سوالوں کے جواب مانگے جو انہوں نے نہیں دیئے۔ اس بات پر سب ایک پیج پر ہیں کہ دہشتگردی کا مقابلہ ہم نے کرنا ہے۔ وہاں پر ہماری یہ بات بھی ہوئی کہ سیاسی استحکام اس ملک میں تب تک نہیں آسکتا جب تک عمران خان جیل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے نے کہا اس سے پہلے بھی ہم نے آپریشنز کئے ہیں لیکن اس سے ہمیں فوائد کے بجائے الٹا نقصان ہوا ہے۔

مزیدخبریں