مرغی کا گوشت 595 کی جگہ 700 روپے کلو، گراں فروشی جاری، عوام پریشان 

Mar 29, 2025

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں پرچون سطح پر  27ویں روزے کو بھی سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی پر قابو نہ پایا جا سکا اور دکانداروں نے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ صارفین کے مطابق سرکاری نرخنامے میں آلو کچا نیا چھلکا درجہ اول کی قیمت 50 روپے مقرر کی گئی تاہم مختلف مقامات پر دکانداروں نے 70روپے فی کلو تک فروخت جاری رکھی۔ پیاز درجہ اول45 کی بجائے 60، پیاز درجہ دوم35 کی بجائے 50، پیاز، ٹماٹر درجہ دوم 50کی بجائے 60، لہسن دیسی نیا220  کی بجائے 370 روپے، ادرک تھائی لینڈ 420 کی بجائے 550، میتھی55 کی بجائے 65 سے 70، بینگن 45 کی بجائے 70، بند گوبھی 30 کی بجائے 55 سے 60، پھول گوبھی 30 کی بجائے 50سے 60، پھلوں میں سرکاری نرخنامے میں سیب ایرانی درجہ اول کی قیمت 290 روپے مقرر کی گئی تاہم مختلف مقامات پر دکاندار 430 سے 450 روپے کلو فروخت کرتے رہے۔ کیلا درجہ اول درجن 260 کی بجائے 350 سے 360، امرود درجہ اول 220 کی بجائے 250، امرود درجہ دوم 160 کی بجائے200، کھجور ایرانی 460 کی بجائے 530سے 540 جبکہ کھجور اصیل 445 کی بجائے 470 سے 480روپے کلو فروخت ہوئی۔ علاوہ ازیں  سرکاری نرخنامے میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت595روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت411روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 264روپے فی درجن کی سطح پر مقرر رہی۔ تاہم اوپن مارکیٹوں میں سرکاری نرخنامے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانداروں نے ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کا گوشت 660 سے 700 روپے کلو تک فروخت ہوتا رہا۔

مزیدخبریں