ڈھوک کشمیریاں میں کرونا کیس کے باعث علاقے میں مکمل سکریننگ
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر ستائش شہریا ر نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی راولپنڈی میںکرونا بچاو پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد ہو رہا ہے اور راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کشمیریاں میں کرونا کیس کے باعث علاقے میں مکمل سکریننگ کے ساتھ علاقے کے شہریوں کے لئے ہر ممکن حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں اشیاء خوردو نوش کی فراہمی اور فروخت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور لوگوں کو کرونا کے حوالے سے حالات حاضرہ سے با خبر رکھنے اور حکومتی ہدایات پر پوری طرح عملدرآمد کے لئے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران دن رات کوشاں ہیں ڈاکٹر ستائش نے کہاکہ محکمہ صحت کے افسران ہنگامی بنیادوں پر تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں اور راولپنڈی کے گنجان آباد علاقوں اور کچی آبادیوں میں شعوری آگاہی کاوشوں سے شہریوں کو ان کی زندگی کے تحفظ کے لئے عائدکی گئی پابندیوں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تلقین کی جا رہی ہے انہوں نے کہاکہ قانون کی خلاف ورزی پر کاروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔