پاکستانی سکواش لیجنڈ اعظم خان کرونا سے لندن میں انتقال کر گئے
لندن‘ لاہور (عارف چودھری+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے عظیم سابق سکواش کھلاڑی اعظم خان لندن میں کرونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے، 4 مرتبہ برٹش اوپن سکواش جیتنے والے پاکستان کے اعظم خان کی عمر 95 برس تھی۔ اعظم خان علیل تھے اور حال ہی میں ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ گزشتہ ہفتے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ اعظم خان نے پاکستان کیلئے 4 مرتبہ برٹش اوپن سکواش جیتا۔ اعظم خان عظیم سکواش چیمپئن ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے اور 1958سے 1963کے درمیان 4 مرتبہ چیمپئن رہے۔ اپنے بیٹے کے انتقال کے باعث اعظم خان نے دلبرداشتہ ہو کر سکواش کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا اور لندن میں مقیم تھے۔ ان کے بیٹے سابق جونیئر برٹش چیمپئن واصل خان نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ نے گزشتہ روز ہفتہ کے دن ہمیں والد کے انتقال کے بارے میں بتایا۔ ہم سب لندن میں آئسولیشن میں ہیں۔ اعظم خان کے بڑے بھائی ہاشم خان نے پہلی بار 1951ء میں برٹش اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔