عوام گھروں میں اپنے قرنطینہ ٹائم کو قرآن ٹائم بنائیں،سجاد احمد عباسی
اسلام آباد ( وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکر ٹر ی ا طلاعات سجا داحمد عباسی نے کہا ہے کہ بیماری،وباء اللہ کا عذاب نہیں انسانوں کو تنبیہ اور راہ راست پر آنے کی ترغیب ہے۔عمومی طور پر عوام احتیاطی تدابیر اور اللہ سے معافی کی طرف راغب ہیں،کورونا وباء سے بچائو کے لیے عوام رجو ع الی اللہ ،توبہ استغفار کا رحجان اہل ایمان میں زندگی کی علامت ہے۔انھوں نے کہاحرمین میں نمازوں کی بندش ،مساجدمیںجمعہ کی نماز کی ادائیگی ،باجماعت نمازوں سے محرومی اہل اسلام کے لیے بڑے صدمہ کا باعث ہے۔انھوں نے کہا عوام گھروں میں اپنے قرنطینہ ٹائم کو قرآن ٹائم بنائیں اپنے گھروالوں کے ساتھ مل کر روزانہ کم ازکم ایک پارے کی تلاوت کریں۔احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ کو راضی کرنے کی ضرورت ہے اور اس کا بہترین طریقہ تلاوت قرآن کریم اور رکوع سجود میں اللہ کی حمد و ثنا ء ہے ۔ انھوں نے کہا اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے خود اللہ تعالی نے جو راستہ ہمیں بتایا ہے اس پر چل کرہی ہم اس وباسے بچ سکتے ہیں ۔