کرونا کے خلاف حفاظتی اقدامات کیلئے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے تمام شعبوں کو مزید متحرک کر دیا
لاہور (صباح نیوز)چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے دیگر ہسپتالوں کی طرح کورونا وائرس کے خلاف مختلف حفاظتی اقدامات کے لئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے تمام شعبوں کو مزید متحرک کر دیا گیا اور نیورو سرجری و نیورالوجی کے مریضوں کو محفوظ رکھنے اور انہیں گھر پر ہی علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لئے سکائپ آئی ڈی اور وٹس ایپ نمبر جاری کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میںکررونا سے نمٹنے کے لئے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کالاشاہ کاکو کیمپس کورونا سینٹر میں 816 مریضوں کو رکھا جا سکے گا۔یو ای ٹی، جی سی یو اور جوڈیشل کمپلیکس میں 1400 کے لگ بھگ مریض رکھے جاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز دماغی امراض سے متعلق شہری صبح 9سے رات 9بجے تک سکائپ آئی ڈی pins.neurosurgery@gmail.comاور وٹس ایپ کے لئے03099649586پر رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ یہی نمبر موبائل فون کے لئے بھی ہو گا اور انہیں معمولی نوعیت کی رہنمائی کے لئے ہسپتال آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا شعبہ ایمرجنسی24گھنٹے فعال ہوگا جبکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے خصوصی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس میں شک نہیں کہ دنیا بھر کی طرح ہمیں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے خصوصی صورتحال کا سامنا ہے اور ان حالات میں فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں اور وزیر اعظم عمران خان نے بجا طور پر ان کی خدمات کے اعتراف کے لئے احسن اقدام اٹھایا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا پر قابو پانے کے لئے حکومت کی کاوشوں کا ساتھ دیں اور گھروں پر رہنے کے ساتھ ساتھ تمام حفاظتی اقدامات کی پاسداری کریں ۔