پاکستان ٹیکس بار ایسوی ایشن نے کرونا وائرس کیخلاف آگاہی مہم کا آغاز کردیا
لاہور( این این آئی )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کیخلاف آگاہی مہم کا آغاز کردیا جس کے تحت تمام ممبران کو بذریعہ ایس ایم ایس اورویڈیو پیغامات کے ذریعے گھروں تک محدود رہنے اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے ۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب ناگرہ اور سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمن زبیری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں ایک قوم بن کر دکھانا ہے ،اس وائرس کوشکست دینے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم نہ صرف خود کو گھروں تک محدود رکھیں بلکہ حکومت کی بتائی گئی حفاظتی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وباء کے خاتمے کے بعد سب کو ملکی معیشت کو بچانے اور معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا ۔