ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کیلئے آرمی چیف سے درخواست کی :حفیظ الرحمان
اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے کورونا وائرس کے ٹیسٹس کی صلاحیت بڑھانے کے لئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ سے درخواست کی ہے اور انہوں نے اس حوالہ سے وعدہ کیا ہے کہ اگلے ایک ہفتے کے اندر گلگت اور اسکردو کے سی ایم ایچ ہسپتالوں میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کی جائیں گی ۔ میں تیزی سے ٹیسٹ کرنے کی بات اس لئے کرتا ہوں کہ اگر آج تک ہم پانچ ہزار افراد کے ٹیسٹ کر چکے ہوتے تو آج ہم لاک ڈائون ختم کر کے ان علاقوں اور ایریاز کو الگ سے آئیسولیشن میں رکھ کر لاک ڈاون کر سکتے تھے ۔ ابھی ہمارے چھوٹے سے علاقہ میں 103کیسز مثبت آچکے ہیں ، جبکہ ہمارے ضلع نگر میں خطرناک بات یہ ہے کہ وہاں 25کیسز سیکنڈری ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو شروع میں ایران اور تفتان سے ہوتے ہوئے خاموشی سے اپنے گھروں میں پہنچ گئے اور ان کا اتا پتہ ہی نہیں تھا، تاہم بعد میں آنے والوں کو تو ہم نے قرنطینہ اور آئیسولیشن میں رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار حافظ حفیظ الرحمان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ہر میٹنگ میں میری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ایک ہی درخواست ہو تی ہے کہ جب تک آپ تیزی سے ٹیسٹ نہیں کریں گے تو آپ کا لاک ڈائون لمبا ہوتا جائے گا ۔