حکومت تاجروں کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے: صدر آل پاکستان انجمن تاجران
لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے حکومت سے تاجروںکو بھی ریلیف پیکج دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد بہت سے تاجردوبارہ اپنا کاروبار چلانے کے متحمل نہیں ہو سکتے اس لئے حکومت فوری طو ر پر تاجر تنظیموں سے مشاورت کا آغاز کرے۔ انجمن تاجران کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد دکاندار اپنی دکانوں کے کرائے اور یوٹیلٹی بلز ادا نہیں کر سکیں گے، ملک بھر میں موجود 30لاکھ سے زائد تاجروں کوحکومت نے نظر انداز کیا تو معیشت کا پہیہ نہیں چل سکے گا اور بیروزگاری بھی پھیلے گی۔ وزیراعظم تاجروں کیلئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں ‘ یوٹیلٹی بلز بھی معاف کئے جائیں۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے اپیل ہے کہ کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ ہنر مندوں کو معاشی تنگدستی سے بچانے کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالدسعید، و دیگر ہنر مندوں کی تفصیلات جمع کر کے ایسوسی ایشن کو بھجوانے کی ہدایت کر دی گئی۔ وفاقی، پنجاب اور سندھ کی حکومتوںسے اپیل ہے کہ ا ن ہنر منددوں کیلئے خصوصی پیکج جاری کیا جائے۔