کرونا ہلاکت خیز‘ ٹیکنالوجی ناکام‘ عالمی معیشت تباہ کر دی: سراج الحق
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرونا نے انسانوں کو مارا ، عالمی معیشت کو تباہ کیا اور سائنس اور ٹیکنالوجی کو ناکام بنایا ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کی خدمت کرنے والے فلاحی اداروں کے ان ہزاروں کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو عوام میں راشن اور ضروری اشیاء تقسیم کررہے ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے اب تک لاک ڈائون والے علاقوں میں 29 کروڑ کا راشن اور تیار کھانا پہنچایا ہے۔ علاوہ ازیں کروڑوں روپے کے آلات اور حفاظتی اشیاء ہسپتالوں کو دیں اور عوام میں تقسیم کی ہیں۔ حکومت سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں کو وینٹی لیٹرز کی فوری فراہمی کو یقینی بنائے۔ اعلان کردہ پیکیج پر عملدرآمد کروائے ۔25ہزار روپے سے کم آمدن والوں کے بجلی و گیس کے بل معاف کرے ،سودکے مکمل خاتمہ کا فوری اعلان کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن کے ہیڈکوارٹر میں ملک بھر میں عوام کی خدمت کے حوالے سے جاری سرگرمیوں اور حفاظتی سامان کی ترسیل پر ایک بریفنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ الخدمت فائونڈیشن کے صدر عبد الشکور نے امیر جماعت کو بریفنگ دی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سائنسدانوں اور قابل ترین ڈاکٹروں کی کوئی کمی نہیں مگر حکومتوں نے ان کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع دیا نہ ضروری سامان مہیا کیا جس کی وجہ سے آ ج ہم کرونا سے بچائو کیلئے کٹس ،ماسکس اور دستانوں جیسی معمولی چیزوں کیلئے بھی دوسروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مشکل اور پریشانی کی اس گھڑی میں تنہا چھوڑ دیا ہے۔ ستر لاکھ سے زیادہ مزدور گھروں میں فارغ بیٹھے حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہم رضائے الٰہی کے حصول اور اپنے عوام کو اس مصیبت سے بچانے کیلئے عوام کے درمیان رہیں گے۔ لاک ڈائون کے دوران گھروں میں اپنے قرنطینہ ٹائم کو قرآن ٹائم بنائیں احتیاط اور تدبیر انبیاء کی سنت ہے۔ عوام سرکاری احکامات اور ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا آج کے نمرودوں اور فرعونوں کا غرور اور تکبر اللہ تعالیٰ نے مچھر سے بھی حقیر ایک معمولی جرثومے کے ذریعے خاک میں ملا دیا ہے۔