دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور ذخیرہ اندوزی پر سینکڑوں گرفتار‘ مقدمے
لاہور‘ سیالکوٹ (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں دفعہ 144کے نفاذ، لاک ڈاؤن اورکرونا وائرس کے متعلق حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کروا رہی ہیں تاکہ وبائی وائرس کرونا کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق 16 مارچ سے صوبے کے تمام اضلاع میں دفعہ144کی خلاف ورزی پر مقام و مرتبے کا لحاظ کئے بغیرقانون شکنوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں پولیس ٹیموں نے28 مارچ تک 4845 مقدمات کا اندرج کیا۔ خلاف ورزی کرنے والے 9015 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے3274 گرفتار، جبکہ 565 کووارننگ دے کر چھوڑا گیا۔ اسی طرح پرائس کنٹرول اورذخیرہ اندوزی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کے دوران پولیس ٹیموں نے 132مقدمات درج کئے اور141ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ دریں اثناء لاہور پولیس نے ہفتے کے روز دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 33571 افراد کو وارننگ جاری کی۔ پولیس نے 1394 افراد سے آئندہ حکومتی پابندیوں کی پاسداری کے حلف نامے لئے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق وارننگ کے باوجود گھروں سے باہر آنے والے 403 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمہ درج کیا گیا۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید کی ہدایت پر لاہور میں 229 پولیس ناکے لگائے گئے۔ پولیس ناکوں پر 35376 افراد کی چیکنگ کی گئی۔ ان میں 15056 موٹرسائیکلز، 4262 رکشے، 4075 کاریں اور 557 ٹیکسی شامل تھیں۔ ایک دن میں لاہور پولیس نے مجموعی طور پر 25632 گاڑیوں کو چیک کیا۔ حکومت پنجاب اور ضلعی حکومت نے ڈبل سواری‘ پابندی کے باوجود دکانیں و ہوٹل کھولنے پر26 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔